×

ہائی پروفائل ملزموں کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے والے پاکستانی حساس ادارے کے دبنگ افسر کو پڑوسی ملک سے دھمکیاں ملنے لگیں 

اسلام آباد (زمان مغل سے ) ہائی پروفائل مقدمات کے ملزموں کو ٹریس کر کے گرفتاری میں معاونت کرنے والے حساس ادارے کے افسر کو پڑوسی ملک کے موبائل نمبروں سے مختلف اوقات میں دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے ۔حساس اداے کے افسر راجہ راحت نے آبپارہ پولیس کو تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف

اختیار کیا ہے کہ میں حساس ادارے میں خدمات سر انجام دے رہا ہوں کافی دنوں سے میرے ذاتی نمبروں پر مختلف اوقات میں کالز آتی ہیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کال کرنے والا مجھے خوف زدہ اور ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔قبل ازیں میں حساس ادارے سے اسلام آباد میں پولیس میں آیا اور اسلام آباد پولیس میں انچارج ہائی پروفائل کرائم یونٹ اسلام آباد خدمات سر انجام دے چکا ہوں ۔ اس دوران میں نے ہائی پروفائل کیس ٹریس کر کے ملزموں کو گرفتار کرایا ۔قوی امکان ہے کہ مجھے کی جانے والی کالز اس سلسلے کی کڑی ہو سکتی ہے۔ میں اور میری فیملی اس وجہ سے خوف زدہ ہے میں نے اپنے دفتر کے افسران کو بھی آگاہ کر دیا ہے آبپارہ پولیس نے اس حوالے سے رپورٹ درج کر لی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کے افسر کو کی جانے والی کالز پڑوسی ملک کے نمبروں سے آ رہی ہیں ۔ تاہم ابھی تک پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا ۔ معاملے کی تفتیش کرنے والے اے آئی ایس طلحہ کا کہنا ہے کہ سی ڈی آر کے لئے کہا ہوا ہے اور کارروائی جاری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں