×

بلاول بھٹو اپنی اور اپنے پاپا کی کرپشن چھپانے کےلیے وفاق پر تنقید کررہے ہیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور:(پی این این) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی جانب سے احتساب کو مذاق کا نام دیا جانا ایک بھونڈی حرکت ہے۔ بلاول ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا کے مصداق اپنی اور اپنے پاپا کی کرپشن چھپانے کیلئے وفاقی حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن

چوہان نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی جانب سے احتساب کو مذاق کا نام دیا جانا ایک بھونڈی حرکت ہے۔ سندھ پر تیرہ سالہ راج کے باوجود بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے بڑا مذاق کوئی نہیں۔ ایان علی جیسے کیریکٹرز کے ذریعے اربوں کی منی لانڈرنگ سے بڑا مذاق کیا ہوگا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے قائدین کو بچانے کیلئے منی لانڈرنگ مخالف قوانین کی مخالفت کی۔ پیپلزپارٹی کی کرپٹ حرکات نے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں دھکیل دیا۔ آمریت کے سائے میں حکومت کے مزے لوٹنے کے بعد آج اپنی ناکامی کا ملبہ موجودہ حکومت پر تھوپا جارہا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک نظر بارشی پانی میں ڈوبے کراچی پر ڈالیں، پھر وفاق پر تنقید کریں۔ آج تک اٹھارویں ترمیم کے اثرات صوبوں تک نہیں پہنچ پائے۔ پی ٹی آئی حکومت اٹھارویں ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی جانب گامزن ہے۔فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کی جارحانہ نیوز کانفرنس کے پیچھے چھپی این آر او کی فریاد صاف ظاہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں