×

دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،آ رمی چیف

راولپنڈی (Pلیٹیسٹ نیوز پاکستان) آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، 5thجنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر ایک اوچیلنج مسلط کی گیا ہے، اس کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے،ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ

ہیں، قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشا اللہ ضرور کامیاب رہیں گیہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مِٹ جایا کرتی ہیں۔اتوار کو یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا چھ ستمبر1965 کا دِن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے۔ یہ وہ دن ہے جب قوم کی یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں۔ پاکستانی قوم کے لیے چھ ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے۔ یہ دِن1948، 1965، 1971، کارگل کی جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں۔ اسی لیے آج ہم اپنے شہدا اور غازیو ں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری، امن و سلامتی قائم ہے۔ میرے سامنے شہدا کے اہلِ خانہ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا میں انھیں سلام پیش کر تا ہوں۔ میں انھیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مِٹ جایا کرتی ہیں۔ میں آپ کے جذبہ ء ایثار کو سلام پیش کر تا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر قدم پے آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ، پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔ جس طرح شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں۔ میں آج کی تقریب میں اعزازات حاصل کر نے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاکستان فوج کی اعلی روائت کو مقدم رکھتے ہوئے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہے، ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔ آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈل، نہ صرف آپ بلکہ ہم سب کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا مملکت ِ پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے۔ اسی بنیاد پے ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے۔ ہمارے دشمن اس شناخت کو مٹانے کے لیے لگاتا ر سازشوں کا جا ل بنتے آئے ہیں لیکن الحمداللہ افواجِ پاکستان اور قوم نے جذبہء ایمانی سے سر شار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا۔ وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے۔ اس مشعل کو ہمارے اسلاف نے اپنے خون سے جلائے رکھا ہے اور ہم بھی اسے روشن رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔ آ رمی چیف نے کہا میرے بہادر سپاہیو پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ہمارا ہر آفیسر اور جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلی نظم و ضبط اور ایثار کی بدولت ایک ایسی فوج کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ سرحدوں کے محاذ ہوں یا دہشت گردی، قدرتی آفات کا سامنا ہو یا تعمیرِوطن کے فرائض، پاک افواج اپنی قوم کی حفاظت اورخدمت کو ایک انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہیں۔ پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا۔ اسی طرح پاکستانی قوم کی پاکستان افواج سے محبت لازوال ہے۔ ان کا اعتماد غیرمتزلزل ہے۔ میں ان تمام جذبوں کو سلام کرتا ہوں۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں آپ کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبزول کرانا چاہتا ہوں اور یہ چیلنج 5thجنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کی گئی ہے۔ اس کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے۔ ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں۔ قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشا اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں